مریدکے( این این آئی)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حکومت کو پی ڈی ایم بخار چڑھ چکا ہے ،جب لاہور جلسہ ہوگا اور لانگ مارچ کا وقت آئے گا تویہ بڑے بخار میں تبدیل ہوجائے گا ۔ چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی رانا تنویر حسین کی رہائشگاہ پر میڈیا سے
گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کب تک نیب کو بطور انتقام استعمال کرتی رہے گی ،اپنے وزرا ء کی لوٹ مار بچانے کیلئے جتنے مرضی قانون بدل لیں اللہ کی مخلوق کے انتقام سے یہ کیسے بچیں گے ۔تاریخی لوٹ مار اور مہنگائی ہوگئی ہے ،لوگ سڑکوں پر بچے فروخت کررہے ہیں ،آٹا چینی دالیں سبزیاں قوت خرید سے باہر ہوچکی ہیں،بجلی گیس کے بل عوام سے دیئے نہیں جارہے ،قوم نواز شریف کا دور یاد کررہی ہے کہ کیا خوشحالی تھی ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج دنیا میں نمبر ون تھی حکومت بتائے گھی چینی آٹا دالیں ڈالر پیٹرول ڈیزل گیس کس نے مہنگی کی ،کس نے اس سے لوٹ مار کرکے ملک اور قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ،حکمرانوں کو اب گھر جانے سے کوئی نہیں روک سکتا ،انشااللہ نواز شریف والا خوشحالی کا دور واپس آئے گا۔