اسلام آباد (آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ،دونوں رہنمائوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ن لیگ کے ذرائع کا
کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اور نواز شریف نے حکومت پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مسلسل دبائو بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ نواز شریف نے حکومت کو قومی اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں قانون سازی کے دوران شکست دینے پر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ جعلی مینڈیٹ سے آنے والی حکومت کی بیساکھیاں ٹوٹ رہی ہیں ،اب تو اتحادی بھی جان چھڑا رہے ہیں اور عوام کو بھی بڑھتی ہوئی مہنگائی میں پتہ چل گیا ہے کہ تبدیلی سرکار نے ان کے ساتھ کیا کیا ۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اس حکومت کو مزید وقت دینا عوام اور ملک سے ظلم ہوگا اور جو اس وقت اس حکومت کے ساتھ دیں گے وہ بھی مجرم ہوں گے ۔مولانا فضل الرحمن نے لاہور کے جلسے کو لانگ مارچ کی شکل دیکر اسلام آباد لانے سے متعلق بھی نواز شریف سے مشاورت کی جس پر نواز شریف نے یقین دلایا کہ پی ڈی ایم 15 نومبر کو لانگ مارچ بارے جو بھی فیصلہ کرے گی ن لیگ اس کا ساتھ دے گی،دونوں رہنمائوں نے پی ڈی ایم کے احتجاجی پلان کو بھی طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ۔