دبئی (این این آئی)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف اہم کیچ ڈراپ کرنے والے فاسٹ بولر حسن علی کی اہلیہ سامعہ آرزو نے اْنہیں پاکستان سے ملنے والی دھمکیوں کی خبروں کی تردید کردی ہے۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر حسن علی کی اہلیہ کے نام سے منسوب جعلی اکاؤنٹ سے کچھ ٹوئٹس شیئر کیے
گئے جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کرکٹ بورڈ سے مخاطب ہوتے ہوئے اپیل کی کہ پاکستانی عوام کو اْن پر تنقید کرنے سے روکا جائے۔’ٹوئٹس میں کہا گیا کہ مجھے بھارت کا ایجنٹ قرار دیا جارہا ہے ، ہماری بیٹی کو بھی دھمکیاں مل رہی ہیں، اگر یہ سب نہ روکا گیا تو مجھے مجبوراََ بھارت میں اپنے والدین کے پاس منتقل ہونا ہوگا۔دوسری جانب اب حسن علی کی اہلیہ نے ان تمام ٹوئٹس کی تردید کرتے ہوئے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔حسن علی کی اہلیہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے نام منسوب جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔اْنہوں نے کہا کہ اس جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے یہ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ مجھے، حسن علی اور ہماری بیٹی کو پاکستان کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں جوکہ بالکل جھوٹی خبریں ہیں۔قومی کرکٹر کی اہلیہ نے کہا کہ یہ میرے نام سے منسوب جعلی اکاؤنٹ ہے، ہمیں کوئی دھمکی نہیں ملی ہے بلکہ پاکستانی عوام کی جانب سے بیحد سپورٹ مل رہی ہے۔اْنہوں نے صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ براہِ کرم! میرے نام سے منسوب جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو رپورٹ کریں اور ان افواہوں پر یقین نہ کریں۔حسن علی کی اہلیہ نے کہا کہ میرا ٹوئٹر پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، اس جعلی اکاؤنٹ کو بھی رپورٹ کریں۔