لاہور(این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم آئندہ برس دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی، اس طرح
انگلش بورڈ اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر راضی ہو گیا ہے، انگلینڈ آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان کے خلاف پانچ کی بجائے سات ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ ٹام ہیرسن نے پی سی بی چیئرمین رمیز راجا سے اہم ملاقات کی ہے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے سربراہ ٹام ہیرسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا سے ملاقات سے کی، جس میں انگلینڈ ٹیم کے ملتوی شدہ دورہ پاکستان کو ری شیڈول کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔واضح رہے کہ 13 اکتوبر کو انگلینڈ نے پاکستان آنا تھا۔ ستمبر میں راولپنڈی میں موجود نیوزی لینڈ کی جانب سے سیکیورٹی کو جواز بناکر وطن واپس روانگی کے بعد انگلینڈ نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کردیا تھا۔