لاہور( این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غریب عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی آگ میں جل رہی ہے۔ اشیا ضروریہ لوگوں کی پہنچ سے دور، حکومت مکمل طور پر ناکام ہو گئی۔ وزیراعظم نے ہر وعدے اور اعلان پر یوٹرن لیا۔ حکومت نے سوا تین سال میں ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ تین وزرائے خزانہ لگائے سب فیل ہوگئے۔
ایک ایسے شخص کو سٹیٹ بینک کا گورنر بنایا جو روپے کی قدر میں کمی کو باعث رحمت قرار دے رہا ہے۔ سودی معیشت سے جان چھڑائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ حکمران مغرب کے ایجنڈے پر گامزن ہیں۔ معیشت کی تباہی کے بعد ملک کی نظریاتی اساس پر حملے ہورہے ہیں۔ ہمارے خاندانی نظام کو تباہ کرنے کے مغربی اور سیکولر منصوبے کے خلاف خواتین بھرپور مہم چلائیں۔ جماعت اسلامی سے وابستہ خواتین ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے راہ ہموار کریں۔ دین رحمت خواتین کے تحفظ کا ضامن ہے۔ ہماری دنیاوی و اخروی نجات اسوہ رسولؐ پر پیروی میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں خواتین یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں امیرجماعت نے جماعت اسلامی کے کارکنان سے بھی خطاب کیا اور انہیں بھرپور محنت جاری رکھنے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں سے رابطے کرکے جماعت اسلامی کا پیغام پہنچانے کی ہدایات دیں۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک میں انارکی کی سی صورتحال ہے،ادارے ایک دوسرے سے دست و گریباں ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت سابق حکومتوں کی پالیسیوں کاتسلسل ہے۔ اس حکومت نے عوام کو رلا دیا۔ ملک میں تاریخی مہنگائی ہے، حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے بیروزگاری کا عذاب مسلط ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام حقیقی تبدیلی کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہاکہ مغربی این جی اوز ہمارا خاندانی نظام تباہ کرنے پرلگی ہوئی ہیں۔ اسمبلی سے پاس ہونے والے بل کا مقصد بھی خاندانی نظام کو تباہ کرنا ہے، انہوں نے سوال کیا کہ ایک عورت کے حقوق کیلئے اللہ کے نظام کے علاہ کون سا اچھا نظام ہے۔ مغرب میں خاندانی نظام تباہ ہوگیا ہے۔ یہ این جی اوز باطل نظام کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران مغرب کی اندھا دھند تقلید کرکے پاکستان کی اساس سے مت کھیلیں۔ حکومت کو شریعت سے متصادم پاس کردہ بل واپس لینا ہوںگے۔ قوم کو اسلام مخالف بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والی این جی اوز کا مقابلہ کرنا ہے۔سراج الحق نے کہاکہ اس وقت ہمارے ملک میں غربت ناچ رہی ہے۔لاکھوں لوگ فٹ پاتھوں پر رہنے
پر مجبور ہیں۔اس حکومت نے جتنے وعدے کیے ایک بھی پورا نہیں کیا۔مہنگائی اس حکومت کی بداعمالیوں کی وجہ سے ہے۔آج ایک طرف ہمارے روپے کی قدر کاغذ کا ٹکڑا بن گیا دوسری طرف گورنر سٹیٹ بنک مذاق اڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر قوم کرپشن فری پاکستان چاہتی ہے تو پھر جماعت اسلامی کا ساتھ دیا جائے،ہم پاکستان کو
ترقی دینا چاہتے ہیں، ہم بنجر زمین کو آباد کرنا چاہتے ہیں،ہم سب بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں۔سراج الحق نے کہاکہ یہ ان کے لئے سعادت ہے کہ اسلام آباد میں ماں بہنوں اور بیٹیوں سے مخاطب ہوں۔ ہم اچھی اور خوبصورت دنیا و آخرت کی دعا کرتے ہیں۔ اچھی دنیا سے مراد ایسی دنیا ہے جس میں سب کے لئے حلال
کے راستے کھلیں اور حرام کے راستے بند ہوں۔ایسی دنیا جس میں جہالت، ظلم نہ ہو، ایسی دنیا جس میں تعلیم و صحت کی سہولیات ہوں۔ایسی دنیا جس میں انسان محفوظ ہو، اس کی عزت و ناموس محفوظ رہے۔اللہ نے دنیا کو انسانوں کیلئے بہترین بنانے والوں کے لئے ہی جنت کا وعدہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی کا منشور ہی انسانیت کی
کامیابی ہے، ہم دنیاو آخرت کی بہتری کے لیے ہی خدمت کررہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں میں فرق یہ ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ صرف ووٹ اور سپورٹ مانگتی ہیں وہ صرف اقتدار کی خاطر، شوگر ملز لگانے کی خاطر، اپنی آئندہ نسلوں کو عوام پر مسلط کرنے میں مگن رہتی ہیں۔جماعت اسلامی
ہمیں صحیح مسلمان، اچھا پاکستانی، اچھی حکمرانی، اچھی دنیا کے ساتھ بہتر آخرت کا سبق دیتی ہے۔ہم دین و دنیا میں فرق نہیں سمجھتے، یہ دینی تحریک آپ کی رہنمائی چاہتی ہے۔ ہم دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح لوٹ کھسوٹ کے لئے نہیں، آپ کی اصلاح کے لئے میدان عمل میں ہیں۔ ہمارے اس کنونشن کا بنیادی مقصد ہے کہ یہ بیٹیاں بھی حضرت فاطمتہ الزہرا کی سیرت پر چلیں۔ حضرت فاطمتہ الزہرا وہ ہستی ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں حضور
اکرم کے ساتھ رہیں غزوہِ احد کے مقام پر جب چند اصحاب باوفا موجود تھے تو آپ ساتھ تھیں غزوہِ احد میں حضور اکرم بھی زخمی تھے، حضرت علی بھی زخمی تھے، حضرت فاطمتہ الزہرا آپ کی تیمار داری میں مگن تھیں دنیا ہالی ووڈ کے اداکاروں کو ماڈل سمجھتے ہیں، مگر خواتین کے لیے حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہ اور حضرت فاطمتہ الزہرا رول ماڈل ہیں ہمارے نوجوانوں کے رول ماڈل کوئی اور نہیں صرف امام حسن و امام حسین رول ماڈل ہیں۔