اسلام آباد (آن لائن) پی ڈی ایم کا مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا ۔ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق
اجلاس میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موثر احتجاجی تحریک چلانے پر زور دیا گیا ۔ پہلے مرحلے میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی ۔ بڑے شہروں میں عوامی جلسے بھی اپوزیشن کے پلان کا حصہ ہیں ۔اعلامیہ کے مطابق ن لیگ اور جے یو آئی سمیت تمام جماعتیں لانگ مارچ پر متفق ہوگئی ہیں ۔ اجلاس میں شرکاء کا کہناتھا کہ اسلام آباد تو ہمیں ضرور آنا ہے، شہباز شریف مولانا کے موقف کے حامی ہیں ۔ لانگ مارچ کا شیڈول پی ڈی ایم قیادت مشاورت سے طے کرے گی ۔ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے معاملے کو حکومتی بدنیتی قرار دیا گیا ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن رہنماوں کو وزیراعظم کی نااہلی سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔ پی ڈی ایم نے ہوشربا مہنگائی کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پی ڈی ایم قیادت نے افغانستان کی بگڑتی صورتحال پر بھی اظہار تشویش کیا ۔ اپوزیشن رہنماوں نے یکطرفہ انتخابی اصلاحات کے حکومتی ایجنڈے کو بھی مسترد کر دیا۔