لاہور (آن لائن)لاہور کے ایک نجی کالج کے طالبعلم کی شرارت نے امریکہ میں کھلبلی مچا دی امریکی انٹرپول کی اطلاع پر ایف آئی اے سائبر کرائم متحرک ہوگیا جس نے کارروائی
کرتے ہوئے شرارت کرنے والے طالبعلم حسین آصف کو گرفتار کرلیا ہے۔ جبکہ اس کے قبضے سے برآمد کئے جانے والا پستول جعلی نکلا ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے صورتحال سے امریکی انٹرپول کو آگاہ کردیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق کینال ہاؤسنگ سوسائٹی کا رہائشی ملزم حسین آصف جو لاہور کے ایک نجی کالج کا طالبعلم ہے نے کالج کے کلاس روم میں اپنے بیگ سے پستول نکالا اور اسے بین القوامی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا۔ جسے دیکھتے ہی امریکی انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی اور امریکی انٹرپول نے فوری طور پر پاکستانی حکام کو اطلاع دی کہ مذکورہ طالبعلم جو اپنے ہمراہ پستول لے کر کالج آیا ہے فائرنگ کرکے کالج کے طالبعلموں کو مار دے گا۔ جس پر ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے نوجوان طالبعلم کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے پستول کی فوٹیج اپنے کالج سے اپ لوڈ کی تھی۔