اسلام آباد (نیوز ڈیسک): جرمنی جانے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں روزگار اور اسٹڈی ویزا کی تمام کیٹگریز کو اب مکمل طور پر کونسلر سروس پورٹل پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
جرمن قونصل خانے کے مطابق اس تبدیلی کا بنیادی مقصد ویزا درخواستوں کے عمل کو تیز، شفاف اور زیادہ کارآمد بنانا ہے، تاکہ درخواست گزاروں کو اپائنٹمنٹ کے طویل انتظار سے نجات مل سکے اور پروسیسنگ کے وقت میں نمایاں کمی آئے۔
ماضی میں اکثر لوگ اپائنٹمنٹ حاصل کرنے میں دشواری اور طویل ویٹنگ لسٹوں کی وجہ سے پریشان رہتے تھے۔ نئے نظام کے تحت اب درخواست دہندگان اپنی ویزا درخواستیں براہِ راست آن لائن جمع کر سکیں گے، جس سے پورا عمل باقاعدہ اور منظم انداز میں مکمل ہوگا۔ قونصل خانے نے واضح کیا ہے کہ موجودہ تمام ویٹنگ لسٹیں ختم کر دی گئی ہیں اور جلد ہی یہ ریکارڈ بھی حذف کر دیا جائے گا۔
جن افراد نے پہلے ہی اپائنٹمنٹ حاصل کر رکھی ہے، انہیں پرانے طریقہ کار کے مطابق اپنی طے شدہ تاریخ پر ہی ویزا پراسیسنگ مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جرمن قونصل خانہ چاہتا ہے کہ کوئی بھی درخواست گزار اپنی موجودہ پیش رفت سے محروم نہ ہو۔
دیگر تمام افراد جو مستقبل میں جرمنی کا ویزا حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں اپنی درخواستیں کونسلر سروسز پورٹل (Consular Services Portal) کے ذریعے جمع کرانا ہوں گی۔
آن لائن درخواستیں 12 دسمبر 2025 سے جمع کروائی جا سکیں گی۔
طالب علم ویزا کے خواہشمند افراد اپنی درخواست درج ذیل لنک کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں:
digital.diplo.de/studium
جبکہ ملازمت، پروفیشنل ٹریننگ، جاب سیکر اور طویل مدتی ویزا کے دیگر اقسام کے لیے درخواستیں یہاں جمع ہوں گی:
digital.diplo.de/visa-ewt



















































