اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)وزیراعظم عمران خان کی ڈاکٹر عبد القدیر خان کے جنازے میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بیان کر دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما صداقت عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اور سرحدوں پر موجودہ صورتحال کےپیش نظر وزیراعظم اور آرمی چیف کی سکیورٹی کلئیرنس کی نوعیت مختلف ہوتی ہے۔ایسی صورتحال میں قومی سطح پر یہ فیصلہ ہوا ہے
کہ جنازے میں شریک لوگوں کو بھی سہولت دی جائے ۔ ان حالات میں جہاں اتنی بڑی تعداد میں عوام ہو تو وہاں سیکیورٹی کلیئرنس کے حوالے سے فیصلہ مشکل ہو جاتا ہے ۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی سے اسلام آباد پہنچ کر محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ میں شرکت کی، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر زیرگردش ہیں۔وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ کی جانب سے ٹوئٹر پر مراد علی شاہ کے جنازے میں شرکت کی تصاویر جاری کی گئیں۔دوسری جانب ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے چار اکتوبر 2021کو لکھے گئے اپنے خط میں وزیراعلیٰ سندھ کو کہاہے کہ آپ کے علاوہ وزیرِ اعظم اور دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو میری یاد تک نہ آئی۔نجی ٹی وی کے مطابق ایٹمی پروگرام کے خالق محسن پاکستان ڈاکٹرعبدالقدیر خان کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو لکھا خط منظرِ عام پر آگیا ہے جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے بھیجے گئے گلدستے کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر عبدالقدیر نے لکھا کہ میں اب پہلے سے بہت بہتر محسوس کررہا ہوں، میں شکر گزار ہوں کہ میرے صوبے کے وزیراعلیٰ نے مجھے مشکل وقت میں یاد رکھا، وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ وزیرِ اعظم اور دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو میری یاد تک نہ آئی۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈاکٹر عبدالقدیر کو گلدستہ بھیجا تھا جس میں ان کی صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا تھا، جبکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو جوابی خط 4 اکتوبر کو اسلام آباد سے لکھا گیا۔ دوسری جانب وفاقی حکومت کے تحت عشرہ رحمت اللعالمین ؐکی تقریبات کے آغاز پر وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کیلئے دعائے مغفرت کروائی۔ اتوار کو وفاقی حکومت کے تحت عشرہ رحمت اللعالمین ؐکی تقریبات کے آغاز کر دیا گیا اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب سے قبل محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کیلئے فاتحہ خوانی کروائی۔