حیدرآباد(این این آئی)حیدرآباد میں مریضوں کی جان بچانے والی آکسیجن کی قیمتوں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں ۔ایک ماہ قبل تک 800 روپے میں ملنے والے آکسیجن سلینڈر کی قیمت 2000 روپے تک جا پہنچی ہے۔ملک بھر میں ادویات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے بعد آپریشن تھیٹرز، نوزائیدہ بچوں کی نرسری اور کورونا کے مریضوں کی جان بچانے کے لیے استعمال ہونے والی آکسیجن کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران تین سو فیصد سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے آکسیجن کی قیمتوں میں
اضافے سے ہسپتالوں کی انتظامیہ شدید پریشانی سے دوچار ہے۔مریضوں کے ورثا بھی عذاب سے دوچار ہیں کیوں کہ آکسیجن کی قیمت میں اضافے سے ہسپتالوں کے بلز بھی بڑھ گئے ہیں۔سپلائرز آکسیجن کی قیمت میں اضافے کا ذمہ دارمینو فیکچررز کو ٹھہراتے ہیں۔شہریوں نے کہاکہ ملک میں غربت پہلے ہی بہت زیادہ ہے اب آکسیجن بھی مہنگی کردی گئی ہے ایسے میں غریب مریض کہاں جائیں گے ۔