لاہور(این این آئی)شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نمایاں اسکوررز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے۔ سینئر کرکٹر نے گذشتہ روز 11 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا۔کرس گیل 14236رنز کے ساتھ ٹاپ پر ہیں، کیرون پولارڈ نے 11223 رنز جوڑے، شعیب ملک 11002 بناچکے ہیں، ویرات کوہلی 10093 رنز کے ساتھ چوتھے اور ڈیوڈ وارنر 10019 رنز بنا کرپانچویں نمبر پر ہیں ۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ کے شائقین کرکٹ بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تمام میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی مواصلاتی کمپنی اتصالات نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لئےمشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا میں براڈکاسٹ کے حقوق اسٹار ٹی وی نیٹ ورک سے حاصل کر لیے ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق اتصالات نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے ’اسٹارز پلے‘ کے ساتھ بھی شراکت داری کرلی ہے جو یہ میگا ایونٹ لائیو اسٹریم کرے گا۔واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا کے لیے براڈکاسٹنگ حقوق صرف اتصالات کے پاس ہیں اور اس کی اسٹارز پلے کے ساتھ شراکت سے کرکٹ مداح ورلڈ کپ کے پینتالیس میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں ناظرین کرکٹ میچز اتصالات کے ای لائف ٹی وی کے ذریعے کرک لائف میکس چینل، سوئچ ٹی وی اور اسٹارزپلے کی ایپلی کیشن پر بھی دیکھ سکیں گے، کرک لائف میکس لائیو میچز کے ساتھ ساتھ میچز کی جھلکیاں، تبصرے اور کرک لائف کے دیگر چینلز پر پورے پورے میچز دوبارہ نشر کرے گا۔’اسٹارز پلے‘ بھی کرک لائف اور کرک لائف دو چینلز کی اسٹریمنگ کرے گا جس کے پاس پاکستان، انڈیا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے علاوہ پاکستانی سپر لیگ اور کیریبئن پریمئر لیگ کے براڈکاسٹنگ حقوق بھی ہیں۔