اسلام آباد (این این آئی)افغان وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سعید خوستی نے کہا ہے کہ کابل میں عید گاہ مسجد کے قریب دھماکے کے بعد کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے
جس کی تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئرکی جائینگی۔ترجمان نے کابل سے ”این این آئی“کو بھیجے گئے ایک آیڈیو پیغام میں کہا کہ حملے میں تین افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے تھے، حملہ اس وقت کیا گیا جب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی والدہ کے لئے فاتحہ خوانی ہو رہی تھی جو گزشتہ ہفتے وفات پا گئی تھیں۔ دریں اثناء افغان اہلکاروں نے کہا ہے کہ کابل میں داعش کے خلاف کاروائیوں میں پیر کی صبح گروپ کے 11 اراکین گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ اس سے پہلے طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اتوار کی رات کو داعش کے خلاف اپریشن میں گروپ کا ایک مرکز تباہ کرکے وہاں داعشیوں کو ہلاک کردیاگیا۔