اسلام آباد(این این آئی)وزارت خزانہ نے ملکی قرضوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق کل غیر ملکی قرضے ملک کی جی ڈی پی کے 74.9 فیصد کے برابر ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے مجموعی
ملکی قرضوں کی تفصیلات جاری کردیں، وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کے غیر ملکی اور مقامی قرضوں کا حجم 253 ارب ڈالر ہے۔وزارت خزانہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مجموعی غیر ملکی قرضے 86 ارب ڈالر ہیں، مجموعی مقامی قرضے 167 ارب ڈالر ہیں۔وزارت خزانہ کی رپورٹ میں جون 2021 تک کا احاطہ کیا گیا جس کے مطابق کل قرضوں میں غیر ملکی قرضوں کا حجم 34 فیصد ہے جبکہ مقامی قرضوں کا حجم 66 فیصد ہے۔وزارت خزانہ نے بتایاکہ تمام قرضوں کا تخمینہ 157.3 روپے فی ڈالر کے تناسب سے ہے، کل غیر ملکی قرضے جی ڈی پی کے 74.9 فیصد کے مساوی ہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف سے 7.38 ارب ڈالر کے قرضے لیے، پیرس کلب کے قرضوں کا حجم 10.72 ارب ڈالر، ملٹی لیٹرل کے 33.83 ارب ڈالر، ورلڈ بینک سے حاصل کردہ قرضوں کا حجم 18.13 ارب ڈالر اور ایشائی ترقیاتی بینک کے قرضوں کا حجم 13.42 ارب ڈالر ہے۔