کراچی(این این آئی) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ملازم کو سوشل میڈیا استعمال کرنے پر گھر بھیج دیا گیا۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے محکمہ ٹکٹنگ اینڈ ریزرویشن کا
سپراوائزر عامر علی دوران ملازمت سوشل میڈیا کا استعمال کرتا تھا۔انتظامیہ کی جانب سے متنبہ کرنے کے باوجود اس نے سوشل میڈیا کا استعمال بند نہ کیا، جس کی بنیاد پر اسے ملازمت سے فارغ کر کے گھر بھیج دیا گیا۔انتظامیہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ عامرعلی کے واجبات کی ادائیگی کلیئرنس سے مشروط ہے، انہیں جب ادارے کی جانب سے کلیئرنس ملے گی تو بقایا جات ادا کردیے جائیں گے۔حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ عامرعلی کوپی آئی اے کی پالیسی کے تحت فارغ کیاگیا،عامرعلی کو ملازمت سے فراغت کا لیٹر دے کر ڈیوٹی کارڈ، میڈیکل اور ایپرن کارڈزجمع کرانیکی ہدایت کردی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سول ایوی ایشن نے ایئرپورٹ پر دورانِ ڈیوٹی موبائل کے استعمال پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، جس میں تمام ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنے ملازمین کو بھی موبائل استعمال نہ کرنے کی ہدایت کریں۔