کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے کلفٹن میں سمندر کے کنارے ریت میں دھنسے بڑے کارگو بحری جہاز کو ڈیڑھ ماہ کی کوششوں کے بعد بالآخر منگل کی صبح نکال لیا گیا ہے، جہاز اب کھلے سمندر میں موجود ہے۔ذرائع کے مطابق گڈانی شپ بریکنگ کی ایان شپ بریکنگ
کمپنی کے عملے نے جہاز کو نکالنے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔کمپنی ذرائع کے مطابق منگل کو بھی ٹگ ماسٹر سے ہی شپ کو نکالا گیا ہے مگر روپ دوسری طرح کا استعمال کیا گیا۔پانامہ میں رجسٹرڈ ہینگ ٹونگ77 ،20اور 21 جولائی کی رات کراچی بندرگاہ پر جانے کے دوران اینکر ٹوٹ جانے کی وجہ سے کلفٹن کے قریب سمندر کنارے ریت میں دھنس گیا تھا۔جہاز کو نکالنے کے لیے دو درجن سے زائد کوششیں کی گئیں تاہم ایان شپ بریکنگ کمپنی ذرائع کے مطابق کوشش کامیاب ثابت ہوئی ہے۔گزشتہ ماہ جہاز نکالنے کی ایک کوشش میں جہاز پہلے مقام سے ایک کلومیٹر دور ساحل پر دوبارہ پھنس گیا تھا۔اس صورتحال پر جہاز کے کیپٹن نے سی میکس کمپنی اور کمپنی نے جہاز کیپٹن کو آپریشن ناکام ہونے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔