اسلام آباد (نیوز ڈیسک) راولپنڈی کے علاقے دھمیال تھانہ کی حدود میں واقع گرجا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 7 سالہ بچی کی میت قبر سے لاپتہ ہو گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بچی کے والدین نے اس واقعے کے خلاف گرجا چوکی پولیس میں درخواست جمع کرا دی ہے۔ بچی کے ماموں کا کہنا ہے کہ بچی کا انتقال 26 اگست کو ہوا تھا اور جب تیسرے دن دعا کے لیے قبر پر آئے تو کفن قبر سے باہر موجود تھا۔
علاقہ مکینوں نے اس افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔دھمیال پولیس نے واقعے کے بعد قبر کے اطراف سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معائنے میں قبر کی بے حرمتی کے واضح شواہد نہیں ملے۔ معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے عدالت سے اجازت لے کر قبر کشائی کا عمل شروع کیا جائے گا۔پولیس حکام نے مزید کہا کہ قبر کشائی کے بعد جو حقائق سامنے آئیں گے، ان کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔