اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )طالبان نے کسی بھی ملک سے مشروط امداد نہ لینے کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کسی کی مشروط امداد قبول نہیں کریں گے ۔ افغان اردو کے مطابق ذبیح اللہ کا کہنا تھا کہ کسی سے
مشروط امداد قبول نہیں کریں گے۔ جو بھی ہمارے معاملات میں مداخلت یا امداد فراہم کرنے کےبدلے اپنے مطالبات مسلط کرنا چاہتا ہے، ہم اسےمسترد کرتےہیں ، اور ان سے یہ بھی کہتےہیں کہ مستقبل میں بھی ایسی مشروط امداد فراہم کرنے کے بارے میں نہ سوچیں۔ دوسری جانب ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ کھڑا ہے ان کے شکر گزار ہیں۔ پاکستانی وفد نے ہم سے سیکیورٹی اور دیگر معاملات پر بات کی۔پاکستان سے درخواست ہے کہ وہ افغانیوں کے لیے سرحدوں کے دروازے کھلے رکھے۔ ترجمان طالبان نے کہا، ‘چین نے ہمیں معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ افغانستان عالمی برادری سے تجارتی تعلقات استوار رکھنا چاہتا ہے۔ چین کی اقتصادی منصوبوں کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ کاسا منصوبے میں طالبان کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔ سی پیک میں حصہ دار بننے کے خواہاں ہیں۔ چاہتے ہیں اقتصادی منصوبوں میں شراکت دار بنیں۔ سی پیک کے لیے افغان سرزمین دستیاب ہے، حالات سازگار ہیں۔ چین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم کرے۔