ریاض(این این آئی)کوبرا سانپوں کی پرورش کے شوقین ایک سوڈانی نوجوان مداری کو معلوم نہیں تھا کہ آخر اس کے پاس موجود ایک کوبرا سانپ آستین کا سانپ ثابت ہوگا۔عرب ٹی وی کے مطابق منصورعلی جس نے برسوں سے کوبراسانپ پالا۔ اسی سانپ نے اسے آخر کار
دھوکہ دے کرموت کی نیند سلا دیا۔اس نوجوان نے اپنی زندگی کا خاتمہ فیس بک پر براہ راست مناظرنشر کرکے کیا۔عسیر ریجن کے ایک پارک میں 11 سال کی مختلف مشترکہ پرفارمنس کے بعد زہریلے کوبرا نے تیس سالہ ایک نوجوان کی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔تفصیلات میں اپنے کام کے اختتام اور ناظرین کے سامنے اپنی پرفارمنس کے بعد منصور نے اپنے دوستوں کے ساتھ ایک رات گزاری۔ وہ کوبرا سانپ کیساتھ اپنے نجی کمرے سے اپنا آخری شو مکمل کرنا اور ان مناظرکو براہ راست دکھانا چاہتا تھا۔جب وہ سانپ کے ساتھ کھیل رہا تھا اور اپنے فالورزکو براہ راست دکھا رہا تھا۔ اسی اثنا میں سانپ نے اسے ڈس لیا۔ یہ اس کے لیے غیر متوقع تھا۔ وہ مدد کے لیے اپنے دوستوں کے پاس گیا۔ اسے اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ سانپ کے زہر کی تکلیف برداشت نہ کرتے ہوئے دم توڑ گیا۔