کابل (آن لائن)صوبہ پنجشیر کا کنٹرول حاصل کرنے کے بارے میں طالبان کے دعووں کے باوجود مز ا حمتی گروپ قومی مزاحمتی محاذ کا کہنا ہے کہ ان کی افواج نے صوبے کا ضلع پریان طالبان سے دوبارہ چھین لیا ہے۔
دوسری جانب طالبان کا کہنا ہے کہ انھوں نے صوبہ پنجشیر کے تمام علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے سوائے دارالحکومت بازارک اور رخا اضلاع کے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق پنجشیر جنگ میں پیش رفت کے متضاد دعوے سامنے آئے ہیں جب قومی مزاحمتی محاذ کے ترجمان فہیم دشتی نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پیران کا علاقہ ’مکمل طور پر طالبان سے پاک‘ ہو گیا ہے۔دشتی نے دعویٰ کیا کہ جیسے ہی طالبان کا قافلہ واپس آیا، ’ان میں سے کم از کم ایک ہزار کو گھیر لیا گیا اور وہ مقامی لوگوں کی مدد سے مزاحمتی قوتوں کے ہاتھوں پکڑے گئے یا مارے گئے۔انھوں نے مزید کہا کہ گرفتار ہونے والوں میں زیادہ تر ’غیر ملکی اور ان میں سے بیشتر پاکستانی‘ تھے۔اس سے قبل دن میں، فہیم دشتی نے دعویٰ کیا تھا کہ طالبان نے ایک پہاڑ پر دھماکے کی وجہ سے دشتِ ریوت کے علاقے کو گھیر لیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ طالبان کا تمام سامان اور گاڑیاں اپنی جگہ پر موجود ہیں۔