نئی دلی(این این آئی)میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے کہا ہے کہ رواں16جون سے 31جولائی کے دوران بھارت میں 30لاکھ سے زائد واٹس ایپ اکائونٹس پرپابندی عائد کی گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس
کے مطابق واٹس ایپ نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ صارفین کے تحفظ اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے بھارت کے 30لاکھ سے زائد اکائونٹس کو بند کیاگیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ان بھارتی اکائونٹس کے خلاف کارروائی بھارتی قوانین اور وٹس ایپ کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر کی گئی۔ واٹس ایپ نے کہاکہ ان میں سے 95فیصد اکائونٹس کو سپیم (وائرس)یا بڑے پیمانے پر پیغامات بھیجنے کی وجہ سے بند کیاگیا ہے ۔ واٹس ایپ کے ترجمان کے مطابق کمپنی نے کئی برسوں کے دوران مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجی ، ڈیٹا سائنسدانوں اور ماہرین میں سرمایہ کاری کی ہے تاکہ صارفین کو ایک محفوظ پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔اس سے قبل 15مئی سے 15جون کے دوران وٹس ایپ نے بیس لاکھ بھارتی صارفین کے وٹس ایپ اکائونٹس بند کردیئے تھے ۔