کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے گزشتہ روز کراچی کے باغ جناح میں پاور شو کیا جس میں ایک بار پھر سے اپنی تحریک کو جاودانی بخشنے کے لیے کارکنوں کو سرگرم کیا اور پھر سے ایک مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔یہ پی ڈی ایم کا کراچی میں پہلا پاور شو تھا
جو کہ پیپلزپارٹی کے بغیر تھا، جلسے میں جمعیت علمائے اسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سمیت دیگر قائدین نے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ ن لیگ کے قائد نواز شریف نے بھی لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک جلسہ عام سے خطاب کیا۔اس جلسے سے متعلق جہاں اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ اس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی وہیں پولیس اور سپیشل برانچ جلسے کا کچھ اور ہی احوال بتاتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے منسلک احمر رحمان خان نامی صحافی نے بتایا کہ کراچی پولیس کے مطابق جلسے میں 18 سے 20 ہزار لوگ موجود تھے۔اسپیشل برانچ کے مطابق پی ڈی ایم کے پاور شو میں کارکنوں کی تعداد 15 سے 17 ہزار کے درمیان تھی۔جب کہ جلسے میں موجود صحافیوں نے لائیو کوریج کی تو ان میں سے طارق متین نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پاور شو میں شریک کارکنوں کی تعداد 10 سے 12 ہزار کے درمیان تھی۔