کراچی(این این آئی)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موبائل فون سے تصاویر اور ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جس کے بعد کسی بھی ملازم کو تصویر و ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے جوائنٹ ڈائریکٹر برائے ویجنلس نے ایئرپورٹ پر موبائل کے ذریعے فوٹو اور ویڈیو گرافی پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کردیاہے۔تمام ملکی اور غیرملکی فضائی کمپنیوں اور ایئرلائن آپریٹرز کو مراسلہ ارسال کردیا، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ ملازمین کو پابندی سے متعلق آگاہ کیا جائے اور انہیں ہر صورت عمل کی ہدایت کی جائے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایئرپورٹ لائونجز، ایپرون پر ویڈیو بنانا سیکیورٹی رسک ہے، لہٰذا ملازمین و اہلکاروں کو موبائل کے استعمال سے روکا جائے۔ہدایات کی خلاف ورزی پر متعلقہ ملازمین و اہلکاروں کے موبائل فونز اور ایئر پورٹ انٹری کارڈ ضبط کرلیئے جائیں گے۔ مراسلہ افغانستان سے غیر ملکیوں کی کراچی ایئرپورٹ ممکنہ آمد کے تناظر میں جاری کیا گیاہے۔