اسلام آباد،لاہور (آن لائن، این این آئی ) حکومت مخالف اتحاد( پی ڈی ایم) نے 4 ماہ تک ملک بھر میں جلسے اور سیمینارز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، ذرائع پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے زیراہتمام ہر تین ہفتوں بعد ایک جلسہ ہوگا۔ جلسوں کی تاریخوں اور مقامات کی تجاویز
28 اگست کو سربراہی اجلاس میں پیش ہوگی۔ سربراہی اجلاس میں منظوری کے بعد پہلے مرحلہ میں 4 ماہ تک جلسہ ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے زیراہتمام اسلام آباد سمیت صوبائی ہیڈکوارٹرز میں سیمینار ہوں گے۔ سیمینار میں وکلاء ، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور دیگر شعبہ ہائے کے افراد کو دعوت دی جائے گی۔ دوسری جانب صوبائی وزیر وترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے پنجاب حکومت کے تھنک ٹینک کے طور پر کام کرنے کے لیے 13رکنی میڈیا کور گروپ تشکیل دیدیا ، فیاض الحسن چوہان گروپ کی مانیٹرنگ کریں گے۔ ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے اس سلسلہ میں باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔13ممبران پر مشتمل میڈیا کور گروپ میںڈاکٹر کامران، ثانیہ ساجد، ثانیہ کامران، کلیم حفیظ، ڈاکٹر نوشابہ، مزمل صفدر، عاطف چوہدری ،اظہر مشوانی، راجہ اسد اقبال، طارق بارا، سارہ احمد، مزمل صفدر، شنیلہ اورشہزاد یونسشامل ہیں۔میڈیا کور گروپ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پالیسیز بنانے میں پنجاب حکومت کی معاونت کرے گا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بزدار حکومت نے گورننس اور پالیسی سطح پر نئے سنگ میل عبور کیے ہیں،میڈیا کور گروپ ان تمام اقدامات کی تشہیر کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔