لندن (این این آئی)صنعت کار اور سماجی رہنما مرزا اشتیاق بیگ نے گلوکار زوہیب حسن کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان پر ایک ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔زوہیب حسن نے مرزا اشتیاق بیگ پر بہن نازیہ حسن کی 21 ویں برسی کے موقع پر سنگین الزامات لگائے ۔زوہیب حسن نے صنعت کار پر الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ
ان نازیہ حسن اپنے جیتے جی بیان دے کر گئی تھیں کہ شوہر نے انہیں مشکوک زہریلی چیز کھلائی تھی، جس کے بعد وہ کینسر کا شکار بنیں تاہم اب مرزا اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان پر ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔ایک انٹرویومیں اشتیاق بیگ نے دعویٰ کیا کہ پیسے ہتھیانے اور بلیک میلنگ کے لیے زوہیب حسن ان پر الزامات لگا رہے ہیں۔انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے نازیہ حسن کو طلاق نہیں دی تھی اور وہ مرتے دم تک ان کی اہلیہ تھیں۔مرزا اشتیاق بیگ کے مطابق زوہیب حسن چاہتے تھے کہ نازیہ حسن کسی سے شادی نہ کریں کیوں کہ ان کی کمائی پر ہی ان کے بھائی کا گزر سفر ہوتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ان سے شادی کرنے کے بعد جب نازیہ حسن نے گلوکاری کو خیرباد کہا تو زوہیب حسن کا کیریئر ختم ہوگیا اور وہ مالی طور پر کمزور ہوگئے، تب سے وہ ان کے پیچھے پڑیہوئے ہیں۔صنعت کار کے مطابق زوہیب حسن نے نازیہ حسن فائونڈیشن بنا کر پیسے اور فنڈز بٹورے اور اب انہیں بلیک میل کرنے کیلئے ان پر الزامات لگائے جا رہے ہیں۔مرزا اشتیاق بیگ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ نازیہ حسن کی وفات سے ایک ہفتہ قبل ان کی طلاق کا ڈراما اس لیے رچایا گیا، کیوں کہ ان کی اور ان کی اہلیہ کی برطانیہ، دبئی اور مراکش میں مشترکہ جائداد تھی اور بینک اکائونٹس میں لاکھوں پائونڈز پڑے ہوئے تھے، انہیں زوہیب حسن اور ان کے اہل خانہ ہتھیانا چاہتے تھے۔انہوں نے الزام لگایا کہ نازیہ حسن کے والد نے ان سے بیٹے کی حوالگی کے لیے اس وقت 10 لاکھ پائوںڈ طلب کیے تھے۔مرزا اشتیاق بیگ کے مطابق جس وقت نازیہ حسن کے اہل خانہ نے یہ سب کچھ کیا، اس وقت ان کی اہلیہ بے ہوشی کے عالم میں تھے،انہیں کسی چیز کا کچھ علم نہیں تھا اور ڈاکٹرز نے ان کیحوالے سے جواب دے رکھا تھا۔انہوں نے سنگین الزامات لگانے پر زوہیب حسن کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان بھی کیا اسی حوالے سے مرزا اشتیاق بیگ نے نازیہ حسن کو اپنی بیوہ قرار دیا اور کہا کہ ان کی طلاق نہیں ہوئی تھی، اس ضمن میں جھوٹی معلومات اور خبریں پھیلائی جاتی رہی ہیں۔صنعت کار کا کہنا تھا کہ انہوں نے نازیہ حسن سے کینسر کی تشخیص کے بعد ہی شادی کی تھی اور یہ بھی غلط بات ہے کہ ان کی اہلیہ کو بیضہ دانی کا کینسر تھا، انہیں پھیپھڑوں کا کینسر تھا۔مرزا اشتیاق بیگ نے دعویٰ کیا کہ زوہیب حسن ماضی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کارکن اور سابق گورنر عشرت العباد کے ترجمان رہ چکے ہیں، وہ بھتہ خوری اور بلیک میلنگ میں بھی ملوث رہے ہیں۔