لاہور(این این آئی) اداکارہ میرا نے ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو کرکٹر کہہ دیا۔ ادا کارہ میرا نجی میڈیا سے گفتگو کے دوران ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو کرکٹر کہہ بیٹھیں۔انسٹاگرام پر میرا کی نجی ٹی وی چینل کے ساتھ کی گئی گفتگو کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں انہیں ایتھلیٹ ارشد ندیم سے متعلق گفتگو کرتے دیکھاجاسکتا ہے۔میرا کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی اور پاکستان کا نام روشن کیا، انہوں نے بہت اچھا کھیلا، کھیل کے دوران ان کی محنت نظر آرہی تھی۔اداکارہ نے کہا کہ ان کی باڈی لینگویج میں ایمانداری نظر آرہی تھی ، ڈسپلن تھا، ارشد ندیم نے بہت اچھا کھیلا حکومت کو بھی ہمارے ہیروز پر غور کرنا چاہیے۔خیال رہے کہ کہ ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل مقابلے میں کوالیفائی کے باوجود بھی پاکستان کی جانب سے میڈل کی آخری امید ارشد ندیم شکست کھاگئے تھے۔