لاہور(این این آئی)لاہورہائیکورٹ نے ڈومیسائل کی دستاویز کو ختم کرنے کیلئے دائر درخواست پر وفاقی اور صوبائی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے چودھری عبدالستار کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ہر شہری کی شہریت کی تصدیق کیلئے قومی شناختی کارڈ بنایا جاتا ہے، قومی شناختی کارڈ بنوانے
کے عمل میں شہری کی زندگی سے متعلق تمام اعداد و شمار حاصل کیے جاتے ہیں اس لیے شہریت کی تصدیق کیلئے قومی شناختی بنوانا کافی ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ قومی شناختی کارڈ کی موجودگی میں ڈومیسائل بنوانا غیر ضروری ہے، اس لیے ڈومیسائل بنوانے کے عمل کو کالعدم قرار دیا جائے اور قومی اداروں اور محکموں میں ڈومیسائل کی شرط ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔دوسری جانب سرونگ سکولز ایسوسی ایشن پاکستان کا گرمیوں کی چھٹیاں دینے کے فیصلے کی شدید مذمت نظر ثانی کی اپیل کر دی۔سرونگ سکولز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر میاں رضا کا کہنا ہے کہ بچوں کا تعلیمی نقصان پہلے ہی ناقابل تلافی تھا اور گرمیوں کی چھٹیاں دے دی گئی ہیں جس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں گرمیوں کی چھٹیاں نہیں دی گئیں، کے پی کے میں بھی صرف 10 دن کی چھٹیاں دی گئی ہیں لیکن پنجاب میں 30 دن کی چھٹیاں دے دی گئی ہیں۔ میاں رضا نے بتایا کہ دسویں اور بارہویں کے امتحانات میں چند دن رہ گئے ہیں چھٹیوں سے بچوں کو تیاری میں مشکلات پیش آئیں گی۔بچوں کے والدین سے گزارش ہے کہ اپنے بچوں کے تعلیمی معاملات پر توجہ دیں آپ کے بچوں کے خلاف سوچی سمجھی سازش کی جارہی ہے۔ میاں رضا الرحمن نے مزید کہا کہ وقت کو کم کر کے سکولوں کو کھولا جا سکتا تھا اور بچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جا سکتا تھا۔حکومت کے اس فیصلے کا نقصان صرف اور صرف بچوں کو ہوگا۔ حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور تعلیم کے سلسلے کو چلنے دے۔