اسلام آباد (این این آئی)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ وزیراعظم نے مجرموں کو خواتین کے خلاف جرم اور جنسی ہراساں کرنے کا عزم فراہم کیا ہے، حکومت ویڈیو بیان کو ایڈٹ کر کے اسے چھپانے کی کوشش کر رہی ہے ، وزیر اعظم اپنے بیان پر معافی مانگیں۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے مجرموں کو خواتین کے خلاف جرم اور جنسی ہراساں کرنے کا عزم فراہم کیا ہے، وزیراعظم نے خواتین کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کیا وزیراعظم کو معلوم ہے کہ ملک میں ہر روز 11 زیادتی کے کیس رپورٹ ہوتے ہیں، ایک رپورٹ کے مطابق 2020 میں 2،960 بچوں کو زیادتی کا نشانا بنایا گیا۔ انہوںنے کہاکہ کیا وزیراعظم کو معلوم ہے کہ پاکستان میں زیادتی کیسز میں سزا کی شرح 3 فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوںنے کہاکہ کیا زینب، فاطمہ، فرشتہ اور ہزاروں بچے جن کو حوس کا نشانا بنا کے قتل کیا گیا ان کے لباس میں غلطی تھی؟ ۔ شیری رحمن نے کہاکہ وزیراعظم ملک میں خطرناک بیانیے کی بنیاد رکھ رہے ہیں،اس طرح کے بیان اور سوچ سے ملک کی آدھی آبادی پر مشتمل خواتین کو منفی پیغام بھیجا گیا ہے، وزیراعظم اپنے بیان پر معافی مانگے۔