اسلا م آباد (نیوز ایجنسی )پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بائولر محمد عامر کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے پر منانے کی کوششیں شروع کردیں۔ ایک انٹرویو دیتے ہوئے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں انگلینڈ میں میری عامر سے بات ہوئی۔
جس میں ان پر واضح کیا ہے کہ جو راستہ انھوں نے اختیار کیا وہ ایک سینئر پلیئر کیلئے درست نہیں ہے، وہ اب بھی پاکستانی ٹیم کے لیے ایک اہم کھلاڑی ہیں اور کرکٹ بورڈ ان کے اور کوچز کے درمیان صلح کرانے کی کوشش کرے گا۔وسیم خان نے محمد عامر کی قومی ٹیم میں دوبارہ واپسی کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا۔ یاد رہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر ٹیم مینجمنٹ کے رویے کو وجہ قرار دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرہوگئے تھے۔اور گزشتہ دنوں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بھی ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ محمد عامر کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کے لیے راضی کرنے کی کوشش کریں گے۔