لاہور( این این آئی/مانیٹرنگ ڈیسک) شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت7روپے اضافے سے262روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت5روپے اضافے سے181روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت153روپے فی درجن پر مستحکم رہی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی ماہ تک مرغی کے گوشت کی قیمت آسمان کو چھوتی رہی لیکن حالیہ دنوں میں مرغی کے گوشت کی قیمت مسلسل کمی بھی ہوتی رہی اور مرغی کا گوشت 255روپے فی کلو ہو گیا تاہم اب ایک بارپھر گوشت کی قیمت میں سات روپے اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد گوشت کی فی کلو قیمت 262روپے ہو گئی ہے۔نجی ٹی وی فورٹی ٹو کے مطا بق صارفین نےمطالبہ بھی کیا تھا کہ حکومت کوشش کرے کہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں اب اضافہ نہ ہونے پائے اور حکومت ان وجوہات کا پتہ چلائے کہ گزشتہ چند ماہ سے مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ کیوں ہوا لیکن اب پھر مرغی کا گوشت سات روپے فی کلو مہنگا کر دیا گیا۔ شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتظامیہ برائلر مرغی کے ریٹ کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کرے تو قیمت دو سو تک بھی آ سکتی ہے۔