لاہور (آن لائن)ہربنس پورہ میں بیٹے نے اپنی والدہ کے قتل کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ تھانہ ہربنس پورہ پولیس نے بیٹے کی اطلاع پر گھر کے صحن میں دفن چالیس سالہ خاتون کی نعش برآمد کرلی جبکہ قتل میں ملوث مقتولہ کا سابقہ شوہر اور دیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ پولیس کے
مطابق 40 سالہ مقتولہ نے اپنے شوہر ملزم یوسف بٹ سے طلاق لے کر دوسری شادی کرلی مگر تھوڑے کی عرصے کے بعد مقتولہ کا دوسرا شوہر اسے چھوڑ کر چلا گیا۔ جس پر مقتولہ زینب کے پہلے شوہر یوسف بٹ نے اسے بہانے سے گھر بلایا اور گھر میں فائرنگ کر کے غیرت کے نام پر اپنی سابقہ اہلیہ زینب کو قتل کر کے اس کی نعش گھر کے صحن میں ہی دفنا دی اس سارے واقعے کو مقتولہ کے بڑے بیٹے نے اپنی آنکھوں سے دیکھا اور پولیس کو اطلاع کردی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کر کے گھر ہی میں بنائی گئی قبر سے مقتولہ زینب کی نعش نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دی۔ پولیس کے مطابق مقتولہ زنیب 3 بچوں کی ماں ہے جبکہ پولیس نے مقتولہ کے سابقہ شوہر یوسف بٹ اور اس کے چھوٹے بھائی وحید بٹ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اس سے قبل ملزمان کے خلاف ایک جیولری شاپ کے مالک کو بھی قتل کرنے کا مقدمہ درج ہے۔ (شعیب عزیز)