جدہ، ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) سفیر پاکستان بلال اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان میں لگائی جانیوالی چینی ساختہ کورونا ویکسین کی سعودی عرب میں منظوری کیلئےاقدامات کررہے ہیں، پاک سعودی تعلقات مضبوط اور غیرمتزلزل ہیں تاہم یہاں مقیم ہم وطن سعودی قوانین کو سمجھیں اور اسکی مکمل پاسداری کریں، مختلف مسائل ضرور ہیں لیکن اسکے
حل کیلئے سفارتی عملہ قانون کے دائرے میں رہ کر کام کررہا ہے۔ روزنامہ جنگ میں شاہد نعیم کی شائع خبر کے مطابق پاکستانی قونصل خانہ میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نےکہا کہ سعودی عرب سے سعودی شہری وتاجر پاکستان کاسفر کررہے ہیں، ان کیلئے ویزے کی فراہمی کو آسان بنایاگیا ہے تاکہ پاکستان میں سیاحت اورتجارت کو فروغ حاصل ہو۔ایک سوال کے جواب میں سفیر پاکستان بلال اکبر نے کہا کہ سعودی عرب میں مختلف جیلوں میں معمولی جرائم میں قید پاکستانی کی رہائی پر جو لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے اس پرکام جاری ہے ۔دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وبا پر قابو پانے کے لیے جاری ویکسی نیشن مہم کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور اب تک 40 فی صد آبادی کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت صحت نے ایک بیان میں کہاکہ مملکت میں کرونا ویکسین کی دوسری خوراک 60 سال کی عمر کے افراد کو دی جا رہی ہے۔
وزارت صحت کے ایک ذریعے نے بتایا کہ کرونا ویکسین کی دوسری خوراک حلد ہی دوسری عمر سے طبقات کو بھی دینے کا عمل شروع ہوجائے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ کیسنرکے فعال مریضوں، گردوں کے مریضوں، اعضا کی پیوند کاری کے عمل سے گذرنے والے افراد کو کرونا ویکسین کی دوسری خوراک دی جائے گی۔