اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)راجن پور میں لادی گینگ کے خلاف فورسز کا آپریشن جاری ہے جس میں گینگ کے مورچے اور عارضی پناہ گاہیں جلادی گئیں۔ پولیس کےمطابق کچے کے علاقے سے اغوا کئے جانے والے دو پولیس اہلکاروں کی بازیابی کے لیے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے تاہم اب تک اہلکاروں کو بازیاب نہیں کرایا جاسکا ہے۔
نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور کے مطابق پولیس کا کہنا ہےکہ دونوں مغوی پولیس اہلکار کچہ پولیس چوکی پر تعینات تھے، لٹھانی گینگ نے اہلکاروں کی رہائی کے بدلے اپنے ساتھی چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ کے خلاف آپریشن جاری ہے ،آٹھ ٹھکانوں کو مسمار جبکہ بقیہ تمام ٹھکانوں کو جلادیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں لادی گینگ کے خلاف وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے ۔آپریشن میں پولیس، رینجرز اور بارڈر ملٹری فورسز کے افسران اور جوان حصہ لے رہے ہیں۔آئی جی پنجاب انعام غنی کمانڈ اینڈ کنر ول روم سے آپریشن کی مانیٹرنگ کررہے ہیں جبکہ ڈی پی او عمر سعید ملک خود آپریشن کو لیڈ کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آپریشن میں پانچ سو پچاس جوان اسی گاڑیوں ،پانچ اے پی سیز ،چھ بلٹ پروف گاڑیوں اور ڈرون کیمروں کے ساتھ آپریشن کر ر ہے ہیں، آپریشن کرنے والی ٹیم کو چار سنائپر کی خدمات بھی حاصل ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق لادی گینگ کے آٹھ ٹھکانوں کو مسمار جبکہ بقیہ تمام ٹھکانوں کو جلادیا گیا ہے۔