نیویارک (این این آئی)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر نے کہا ہے کہ فلسطین پر بے عملی اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے،تنازع کشمیر بھی اتنا ہی پرانا ہے جتنا مسئلہ فلسطین ہے، پاکستان مسئلے کے پر امن حل کے راستے پر چلے۔نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر نے کہا کہ کورونا ویکسین امیر اور غریب ممالک کی یکساں ضرورت ہے، کورونا کے سدباب کیلئے پاکستان نے جو کیا اس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستانی حکومت کے اقدامات کے حوصلہ افزا نتائج آرہے ہیں۔فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی میں سیکڑوں فلسطینیوں کی جانیں چلی گئیں اس اہم معاملے پر بے عملی اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، امید ہے سکیورٹی کونسل میں بھی اس اہم اور ضروری مسئلے پر متفقہ آواز سنائی دے گی،پاکستانی وزیر خارجہ نے فلسطینیوں کے حقوق کیلئے مضبوط مؤقف اور حمایت کا اظہار کیا، اس وقت مذاکرات کی فوری ضرورت ہے تاکہ اسرائیلی قبضے کو ختم کیا جاسکے، دو خود مختار ریاستوں کا قیام عمل لانے کے لیے مذاکرات کی فوری ضرورت ہے، مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی تک یواین جنرل اسمبلی آرام سے نہیں بیٹھے گی۔انہوں نے کہا کہ مجھے جموں کشمیر کی صورتحال کا بھی بخوبی علم ہے، میں نے ہمیشہ فریقین پر زور دیاکہ زمینی حقائق کو تبدیل نہ کیا جائے، ہمیشہ کہا کہ متنازع علاقے کی حیثیت کو بدلنے سے گریز کیا جائے، بطور صدر جنرل اسمبلی میں انڈیا، پاکستان پر زور دیتا ہوں کہ اس مسئلے کے پر امن حل کے راستے پر چلیں کیونکہ جنوبی ایشیامیں امن و استحکام اور خوشحالی کا دار و مدار پاک بھارت تعلقات کی بحالی پر ہے۔