کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل جاری کاروباری ہفتے کے تیسرے روزبدھ کوبھی اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی رہی اورکے ایس ای100انڈیکس کی30600پوائنٹس کی نفسیاتی حدبحال ہوگئی،تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں 3ارب66کروڑ روپے سے زائدکااضافہ،کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت24.41فیصدزائدجبکہ49.70فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب بدھ کو بھی کاروبار کا آغاز
منفی زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس30562پوائنٹس کی نچلی سطح پرریکارڈ کیاگیاتاہم بعدازاں حکومتی مالیاتی اداروں،مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی، سیمنٹ،فوڈز،کیمیکل،بینکنگ سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹر کی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے نتیجے میں مارکیٹ میں ریکوری آئی جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 31107پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیاتاہم پاک بھارت کشیدگی، خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی اور معاشی ناگفتہ بہ صورتحال کے سبب مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکاتاہم اتارچڑھاؤکاسلسلہ سارادن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس52.86پوائنٹس اضافے سے30637.71پوائنٹس پر بندہوا۔بدھ کومجموعی طورپر340کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے151کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،169کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ20کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔
سرمایہ کاری مالیت میں 3ارب66کروڑ98لاکھ40ہزار535روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر62کھرب29ارب57کروڑ60لاکھ61ہزار380روپے ہوگئی۔بدھ کومجموعی طور پر14کروڑ90لاکھ13ہزار370شیئرزکاکاروبارہوا،جومنگل کی نسبت2کروڑ92لاکھ40ہزار420شیئرززائدہیں۔قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کے حساب سے یونی لیورفوڈزکے حصص سرفہرست رہے،
جس کے حصص کی قیمت266.00روپے اضافے سے5586.00روپے اورپاک ٹوبیکوکے حصص کی قیمت65.77روپے اضافے سے2347.42روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی نیسلے پاکستان کے حصص میں ریکارڈکی گئی،جس کے حصص کی قیمت309.00روپے کمی سے5873.00روپے اورکولگیٹ پامولیوکے حصص کی قیمت92.45روپے کمی سے1756.55روپے ہوگئی۔بدھ کوکے الیکٹرک لمیٹڈکی سرگرمیاں 1کروڑ5ہزار500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں،
جس کے شیئرزکی قیمت17پیسے کمی سے3.38روپے اورمیپل لیف کی سرگرمیاں 84لاکھ33ہزار500شیئرزکے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی،جس کے شیئرزکی قیمت61پیسے کمی سے19.13روپے ہوگئی۔بدھ کوکے ایس ای30انڈیکس67.44پوائنٹس اضافے سے14503.04پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس172.34پوائنٹس اضافے سے48341.92پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس13.28پوائنٹس اضافے سے22540.95پوائنٹس پربندہوا۔