اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں مون سون کے آٹھویں اسپیل سے متعلق پیشگی وارننگ جاری کر دی ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 22 اگست کی شب مغربی ہوائیں پنجاب کے شمالی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے بعد 23 اگست سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ 23 سے 27 اگست کے دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جس کے نتیجے میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔ترجمان کے مطابق دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ان سے جڑے ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ اس وقت ایک لاکھ کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔اس موسم کے اثرات راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ اور وزیرآباد سمیت کئی اضلاع میں محسوس کیے جائیں گے، جبکہ لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ننکانہ صاحب اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔