اسلام آباد( آن لائن)وفاقی حکومت نے جمعہ کے روز کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی۔ یوم یکجہتی کشمیر مہم کے سلسلے میں جمعہ کو وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا جائے گا جس کی وزیر اعظم عمران خان خود قیادت کریں گے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونیوالے تحریک انصاف کے کور گروپ کے اجلاس میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے
ابتدائی پروگرام کی منظوری دے دی گئی ہے۔ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کل جمعہ کے روز وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے سامنے اجتماع ہوگا۔ مرکزی احتجاج شاہراہ دستور پر کرے گی جبکہ عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کی قیادت کریں گے۔ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر کے تمام اضلاع میں احتجاج کیا جائیگا۔ ملک بھر میں دن 12بجے سے12بجکر 3منٹتک پاکستان کا قومی ترانہ بجایا جائیگا جبکہ 12بجکر 3منٹ سے 12بجکر 5منٹ تک آزاد جموں کشمیر کا ترانہ بجایا جائیگا۔ 12بجے سے 12بج کے5منٹ کے دوران پورے ملک میں ٹریفک روک دی جاے گی جبکہ سو ل سوسائٹی اور طلباء کو احتجاج کی خصوصی دعوت دی جائیگی۔وزیر اعظم، وزرائے اعلٰی سمیت تمام اراکین پارلیمنٹ وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے سامنے جمع ہوں گے عوام پورے ملک میں اپنے دفاتر کی عمارتوں، گھروں، مارکیٹس /مالز سے باہر رہیں گے اور قریبی سڑکوں پر جمع ہوں گے پاکستان و آزاد کشمیر کمے پرچموں کی زیادہ سے زیادہ تعداد میں تقسیم کی جائیگی،ہیلی کاپٹرز،ڈرونز اور کواڈ کوپٹرز کے ذریعے فضائی کوریج کی جائے گی۔12 بجے سے ساڑھے بار ہ بجے کے درمیان گرینڈ شو کیا جائے گا۔ہرایک شخص ماسوائے شدید علیل یا ہسپتالوں میں مریضوں کے سڑکوں پر ہونگے،نماز جمعہ کے دوران کشمیری عوام کیلئے خصوصی دعائیں کی جائینگی،
دوپہر دوبجے سے پانچ بجے تک ملک بھر میں عوامی ریلیاں نکالی جائیں گی،وزارت اطلاعات /آئی ایس پی آر کی طرف سے خصوصی آگاہی پیغامات شائع و نشر ہونگے،کشمیر بنے گا پاکستان لوگو تمام ٹی وی چینلز کی سکرینوں پر اوپر بائیں کونے میں چلایا جائیگا،کشمیر سے متعلق ٹاک شوز،پروگرامز اور ترانے میڈیا چینلزپر چلائیں گے۔سیاسی قیادت بشمول اپوزیشن سیاستدانوں کے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی پر مبنی پیغامات نشر کئے جائیں،تاجر یونینز،سول انتظامیہ،کارپوریشنز،چیمبرز اورسول سوسائٹی کے تمام طبقات کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ضلعی و تحصیل سطح پر دوپہر 12بجے ہوٹر ز و سائرن بجائے جائیں گے، بڑی ٹرانسپورٹ سروسز اپنی بسوں و اڈوں پر پر کشمیر سے متعلقہ یکجہتی پوسٹرز آویزان کرینگے۔پاکستان ریلوے،پی آئی اے ، منتخب ائیرپورٹس، بڑی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ریلیاں و اجتماعات کا انعقاد کیا جائیگا،عوام میں جھنڈے،بیجز اور دیگر اشیاء تقسیم کی جائینگی۔