اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان ایک بار پھر پاکستان مخالف بیانات کے باعث خبروں کی زینت بن گئے۔ حالیہ انٹرویو میں انہوں نے نہ صرف شاہد آفریدی کے ساتھ پرانی کشیدگی کو دوبارہ چھیڑا بلکہ نامناسب زبان استعمال کر کے کھیل کی روح کو بھی نقصان پہنچایا۔عرفان پٹھان اور شاہد آفریدی کے درمیان ماضی میں کافی تلخ تعلقات رہے ہیں، جو کھیل کے میدان سے باہر بھی اثر انداز ہوتے رہے۔
اسی پس منظر میں عرفان پٹھان نے ایک پرانا واقعہ بیان کرتے ہوئے شاہد آفریدی پر دوبارہ تنقید کی۔ان کا کہنا تھا کہ 2006ء کے دورہ پاکستان کے دوران کراچی سے لاہور کی پرواز میں شاہد آفریدی نے ان کے بال خراب کیے اور مذاق کیا، جس پر وہ برہم ہوگئے۔ بھارتی پروگرام ’’للّن ٹاپ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان پٹھان نے کہا کہ “اس وقت آفریدی نے مجھے چھیڑتے ہوئے کہا ’کیسا ہے بچے؟‘ جس پر میں نے سوچا کہ یہ کب سے میرا سرپرست بن گیا۔
“عرفان پٹھان کے مطابق، اس کے بعد شاہد آفریدی نے ان کے ساتھ تلخ الفاظ کا تبادلہ بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اُس وقت پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق ان کے قریب بیٹھے تھے، اور اسی دوران انہوں نے رزاق سے گوشت کے بارے میں ایک نامناسب تبصرہ کیا جسے وہ شاہد آفریدی کی طرف منسوب کر رہے تھے۔اس بیان نے ایک بار پھر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پرانی رنجش کو سرخیوں میں لا کھڑا کیا ہے۔