کراچی(این این آئی)پاکستان میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیرِ تعلیم اب تک 10 لاکھ سے زیادہ بچے قرآن پاک کو اپنے سینوں میں محفوظ کر چکے ہیں، جبکہ رواں سال 78 ہزار سے زیادہ بچے حافظِ قرآن تیار کرنے کا ریکارڈ بنا لیا۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی ناظم قاری محمدحنیف جالندھری نے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ وفاق المدارس سے اب تک 10 لاکھ 20 ہزار 875 بچے قرآن مجید حفظ کر چکے ہیں جبکہ رواں سال 78 ہزار 845 بچے حافظِ قرآن بنے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال وفاق المدارس کے تحت تقریبا 14ہزار بچیوں نے قرآن پاک حفظ کیا۔انہوں نے بتایا کہ قرآن پاک چھوٹی اور بڑی دونوں عمر میں حفظ کیا جاتا ہے، اسکے ساتھ بچوں کو پرائمری کلاسز بھی پڑھائی جاتی ہے جس کے بعد میٹرک میں داخلہ آسان ہو جاتا ہے جبکہ دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم بھی دی جاتی ہے جس میں بنیادی مضامین بھی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں سمیت گاؤں میں بھی مدارس موجود ہیں جن کی تعداد 30 سے 35 ہزار بنتی ہے، جبکہ حفظ کرنے والے طلبہ کا تعلق مختلف شہروں سے ہوتا ہے۔قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ حفاظ بننے والے طلبہ کو سند وفاق المدارس کی طرف سے جاری کی جاتی ہے، جس کے بعد بچے اپنی تعلیم جاری رکھتے ہیں اور اپنی قابلیت کی بنیاد پر ہی مختلف شعبوں میں ملازمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حفظ کرنے والے بچوں کی عمر عام طور پر 4 سے 7 سال کے درمیان ہوتی ہے جبکہ کم سے کم 2 یا زیادہ سے زیادہ 3 سال میں بچے حافظ قرآن بن جاتے ہیں۔وفاق المدارس کے مرکزی ناظم نے بتایا کہ ہمارے مدارس میں صبح فجر کے بعد یعنی 8 بجے سے رات 9 بجے تک تعلیم جاری رہتی ہے جس میں ناشتے، کھانے اور نمازوں کے وقفے کیے جاتے ہیں۔قاری حنیف جالندھری نے بتایا کہ وفاق المدارس کا قیام 1959 میں ہوا لیکن ادارے نے حفاظ بچوں کا امتحان لینا 1982 میں شروع کیا،
اگر امتحان لینا کا سلسلہ قیام کے وقت سے شروع کیا جاتا تو یہ تعداد تقریبا 20 لاکھ ہوتی۔انہوں نے بتایا کہ تین سال قبل وفاق المدارس کو پوری دنیا میں سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے پر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ایوارڈ کی تقریب سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہوئی تھی۔انہوں نے بتایاکہ سعودی عرب میں سالانہ 5 ہزار بچے قرآن حفظ کر پاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان میں وجود میں آنے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ماہ رمضان میں نزول ہونے والی سب سے عظیم کتاب قرآن پاک کو سالانہ ہزاروں بچے حفظ کر رہے ہیں۔