کراچی (این این آئی) فیس بک اور پاکستان کی وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام نے نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ (IGNITE) کے ہمراہ ایک تقریب کے دوران پاکستان میں اولین فیس بک اننو یشن لیب کا افتتاح کر دیا۔ اس تقریب میں پالیسی ساز اور ٹیکنو کریٹس نے شرکت کی۔ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS ) کے نیشنل انکیوبیشن سینٹر (NIC ) میں قائم کی گئی اس لیب کی بدولت ڈیولپرز ،اپنا کام کرنے والے خودمختار افراد اور معاشرے کے دوسرے طبقات کو
ایک پلیٹ فارم ملے گا جہاں وہ تربیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ آپس میں رابطے بڑھا کر اپنی مہارت میں اضا فہ کر سکیں گے۔اس لیب میں ڈیولپرز ورچوئل ریئلٹی جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی استعمال کر کے جدید پروڈکٹس اور ایپلی کیشنز بھی تیار کر سکیں گے۔فیس بک کے ہیڈ آف اسٹارٹ اپ پروگرامز (اے پی اے سی) جیسن لن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ پاکستان میں جدت طرازی اور ڈیولپرز کی کمیونٹی کو معاونت فراہم کرنے کے اپنے طویل المدت مقصد کے تحت فیس بک اننو یشن لیب کے آغاز پر ہم بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔ فیس بک پاکستان میں ایک موثر کمیونٹی قائم کرنا چاہتا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں ایسے کاربار، اسٹارٹ اپس اور افراد کو معاونت فراہم کرنی چاہیئے جو ترقی اور کامیابی کیلئے جدید طرز پر انحصار کر رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام، IGNITE، نیشنل انکیوبیشن سینٹر (NIC ) لاہور، اور لمز کے ساتھ ہماری شراکت کی بدولت فیس بک اننو یشن لیب نہ صرف ٹریننگ کی فراہمی کا ایک منفرد سینٹر بنے گا بلکہ ملک میں موجود ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والی فعال کمیونٹی کو بھی معاونت فراہم کرے گا۔یہ فیس بک کی جانب سے پاکستان میں قائم کی گئی پہلی اننویشن لیب ہے۔یہ لیب نیا کاروبار شروع کرنے والوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرے گی جہاں وہ اپنے کاروبار میں مزید بہتری لا کر پاکستان اور بیرون ملک مزید کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ اس لیب میں جدید ٹیکنالوجی کی دستیابی کے ساتھ ساتھ
شرکاء کو فیس بک کے عالمی سطح کے نامور ماہرین، انڈسٹری لیڈرز، پروڈکٹ اننویشن کے ماہرین سے بھی رابطہ کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔ یحیٰی حسین، سی ای او ، IGNITE نے کہا ’’ آگمنٹڈریالٹی(AR)، ورچوئل ریالٹی(VR) اور آرٹیفشل انٹیلی جنس (AI) جیسی ٹیکنالوجیز تیزی سے فروغ پارہی ہیں اور یہ مستقبل میں ایک اہم شعبہ ہوگا۔ دنیا میں صف اول کے AR/VR ڈیولپمنٹ پروگرام فیس بک کے ساتھ Ignite کی شراکت اس اہم 4IR ٹیکنالوجی کو پاکستان میں
متعارف کروانے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔شرکاء ایف بی اسٹارٹ (FbStart )نامی عالمی پروگرام تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ یہ پروگرام اسٹارٹ اپس کو اپنا کاروبار قائم کرنے اور اس کو ترقی دینے کیلئے مرتب کیا گیا ہے۔ ڈیولپرز سے اشتراک کیلئے کمیونٹی سے چلنے والے پروگرام ڈیولپر سرکلز (Developer Circles) کے ذریعے اپنا کام کرنے والے خودمختار افراد اور دیگر ڈیولپرز کی حوصلہ افزائی جاتی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے تعاون کرنے کے ساتھ
آپس میں رابطے قائم کریں۔ ٹیکنالوجی اور خاص طور پر ورچوئل ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والی اور تعلیمی اداروں و مشتہرکاروں کو روانی اور انٹرایکٹو خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ونیلا آرکیڈ (Vanilla Arcade) کے بانی و سی ای او سادان احمد نے کہا،” AR/ VRکے ذریعے ہم پاکستان کے نوجوانوں کے ساتھ جڑ گئے ہیں تاکہ وہ انتہائی مہارت اور ہر ممکن طریقے سے ملک کی تاریخ اور کلچر سے روشناس ہوسکے گا۔ یہ اسٹوری ٹیلنگ اور تعلیم کا مستقبل ہے۔”