کراچی (این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما اور نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ بلاول ہاؤس گرانے کا سوچ بھی نہیں سکتا، اس قسم کا کوئی بیان نہیں دیا ہے۔گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی سے بلاول ہاوس کی حفاظتی دیوار گرانے کی بات کریں گے، بیرونی دیوار نہیں گرائی گئی تو قانونی کارروائی کریں گے جس کے بعد پیپلزپارٹی کی جانب سے ان پر شدید تنقید کی گئی اور اب انہیں وضاحت دینی پڑ گئی ہے۔
اپنے وضاحتی بیان میں عمران اسماعیل نے کہا کہ میں نے بلاول ہاوس گرانے کا بیان نہیں دیا، بلاول ہاوس تاریخی اہمیت کی حامل جگہ ہے اس لیے اس کو گرانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ بلاول ہاوس کے اطراف میں قائم بلند دیواروں کو گرانے کی بات کی تھی، میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، سابق وزیراعظم اور سابق صدرکے گھر کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہوں جبکہ پیپلز پارٹی میرے بیان پر سیاست کرنا چاہتی ہے۔