کراچی(این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما علی رضا عابدی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے نظریات مختلف ہیں، ماضی میں بھی دونوں جماعتیں ایک دوسرے کی حریف رہی ہیں تاہم پی ٹی آئی اکثریتی جماعت ہے اور اسے موقع ملنا چاہیے۔ایک خصوصی انٹرویو انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتے لیکن اس وقت ایم کیو ایم کو تحریک انصاف کی نہیں بلکہ پی ٹی آئی کو ایم کیو ایم کی ضرورت ہے۔علی رضا عابدی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غلط زبان استعمال کرنے والے
تحریک انصاف کے حمایتیوں کو علم نہیں کہ ایم کیو ایم کے بغیر نیا پاکستان نہیں بن سکتا، تحریک انصاف نے ہمیں وزارتوں کی پیشکش کی ہے لیکن ہم نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی مقامی قیادت کے بیانات کے بعد ہم سوچ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی کس حد تک حمایت کی جائے۔علی رضا عابدی نے کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کے رہنما شمیم نقوی ایم کیو ایم سے کچھ اختلاف رکھتے ہیں لیکن ہم پھر بھی کوشش کریں گے کہ پاکستان کے مفاد میں تحریک انصاف کا ساتھ دیں اور ان کے راستے کی رکاوٹ نہ بنیں۔