کراچی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کو ایک سو دن میں تبدیل کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔ تحریک انصاف سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہوا ،اجلاس میں کراچی بالخصوص سندھ کی صورتحال پر بات چیت کی گئی
۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے درران تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کے بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا اور آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھاکہ عمران خان نے مجھے ایم کیو ایم سے متعلق بات کرنے پر تنبیہ کی ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف سندھ کی پارلیمانی پارٹی نے عمران خان سے کراچی کی نشست نہ چھوڑنے کی درخواست کی ۔اجلاس میں کراچی کے مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی حکومت بنانے کے بعد ایک سو دن میں کراچی کوکیا کچھ دیا جاسکتا ہے اس پر انقلابی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھاکہ عمران خان لوکل باڈیز کو مضبوط کرنے کیلئے اقدامات پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ سندھ میں ہمارا مقابلہ پیپلزپارٹی سے ہے رکن صوبائی اسمبلی نے بتایا کہ عمران خان سندھ عوام کے لیے بہترین اقدامات اٹھانے چاہتے ہیں اور انہوں نے سندھ کو بدلنے اور اس کی بہتری کے لیے مکمل کرلی ہے اور آئندہ دور سندھ میں پی ٹی آئی کا ہوگا ۔