کراچی(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں جمعرات کو درخواست دائر کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل نے فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے اپنے حلف نامے میں برطانیہ، دبئی اور ملائیشیا کی جائیداد قرض شدہ ظاہر کی لیکن اس غیر ملکی جائیداد کی منی
ٹریل نہیں دی گئی، کاغذات نامزدگی میں کسی فارن اکاونٹ کا ذکر نہیں ہے، اربوں کی جائیدادیں رکھنے والے فیصل واوڈا نے 2015 میں کوئی ٹیکس نہیں دیا۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ ریٹرننگ افسر نے فیصل واوڈا کے خلاف یہ کہہ کر درخواست مسترد کی کہ اس نے دوہری شہریت چھوڑ دی لیکن ریٹرننگ افسر کے ریکارڈ میں امریکی شہریت سرینڈر کرنے کا کوئی ریکارڈ نہیں۔ فیصل واوڈا آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے، اس لئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔