کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ہم ہر دکھ سکھ میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، اس بات کا اعلان گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ پیرپگارا نے کیا، واضح رہے کہ جی ڈی اے نے تحریک انصاف کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنماؤں کے درمیان آج ملاقات ہوئی، جس میں تحریک انصاف کی جانب سے جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی اور
جی ڈی اے کے پیر پگارا اور فہمیدہ مرزا سمیت متعدد رہنما شریک ہوئے۔ اس موقع پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے تحریک انصاف کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا، ملاقات کے دوران پیر پگارا نے کہا کہ ہم ہر چیز میں تحریک انصاف کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے اس مرحلے پر شرائط منوانا یا شرائط سامنے رکھنا اخلاق سے گری ہوئی بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر دکھ سکھ میں پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔