اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کے صاحبزادے علی مصطفیٰ ڈار کی بھارت میں کمپنیوں کا انکشاف، العربیہ نیوز کیلئے کالم لکھنے والی صحافی خاتون سبینا صدیقی تہلکہ خیز انکشافات سامنے لے آئیں، کاروبار ی دستاویزات ٹویٹر پر شیئر کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کے صاحبزادے علی مصطفیٰ ڈار کی بھارت میں کمپنیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے
اور یہ انکشاف العربیہ نیوز کیلئے کالم لکھنے والی خاتون صحافی سبینا صدیقی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغامات میں کیا ہے۔ سبینا صدیقی نے سابق پاکستانی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کے بیٹے علی مصطفیٰ ڈار کے بھارت میں کاروبار سے متعلق دستاویزات کا عکس بھی شیئر کیا ہے۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں سبینا صدیقی نے لکھا ہے کہ ” جیسا باپ ویسا بیٹا، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے علی مصطفیٰ ڈار نےمشترکہ کاروبار کے ذریعے بھارت میں 2 کمپنیاں قائم کر رکھی ہیں، اس کاروبار میں ان کی شراکت دار کمپنی کا نام سوبھا ڈویلپرز ہے“۔اپنے ایک اور پیغام میں خاتون صحافی نے کمپنی کی دستاویزات کا عکس شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ” علی ڈار کی کمپنی سروسز اینڈ ٹریڈ کمپنی لمیٹڈ بھارتی گروپ سوبھا کنٹریکٹنگ ایل ایل سی کی مشترکہ ملکیت ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ علی کے والد اسحاق ڈار ایک بھارتی شخص ناصر احمد محمود کے ساتھ اس کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی شامل ہیں“۔دوسری کمپنی کی تفصیلات بتاتے ہوئے سبینا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ جیوپیٹر اسٹیٹس لمیٹڈ بھی علی مصطفیٰ ڈار اور سوبھا کنٹریکٹنگ ایل ایل سی کی ملکیت ہے، اس کمپنی میں دونوں کے شیئرز کی مالیت آدھی آدھی ہے۔ اس کمپنی میں ایک بھارتی شخص اجے راجیندرن بورڈ ممبر ہے ۔سبینا صدیقی نے کہا کہ علی مصطفیٰ ڈار سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دامادہیں اور بظاہر یوں لگتا ہے کہ وہ اپنے دوست ملک بھارت کی طرف کچھ زیادہ ہی میلان رکھتے ہیں۔