ممبئی( آن لائن )جب گلوکار عدنان سمیع نے پاکستان چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے ہندوستان منتقل ہونے کا اعلان کیا تھا تو انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، تاہم گلوکار نے کبھی بھی اپنے ہندوستان منتقل ہونے کی وجہ نہیں بتائی۔ُ بھارت میں ایک تقریب کے دوران عدنان سمیع نے فیصلہ کیا کہ وہ سب کو بتائیں گے کہ آخر انہوں نے ہندوستان کا شہری بننے کا فیصلہ کیوں کیا۔عدنان سمیع کا کہنا تھا ‘میں بہت جذباتی انسان ہوں، اگر کوئی پیار کرنے والا شخص مجھ سے میری زندگی بھی مانگے، تو میں دے دوں گا،
بھارتیوں نے مجھے بے حد پیار دیا جس کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں اور یہی وجہ ہے کہ میں نے بھارتی شہریت کی درخواست دی’۔ایک اور بھارتی ویب سائٹ بزنس اسٹینڈرڈ کے مطابق عدنان سمیع کا کہنا تھا کہ ‘انڈیا میرے کام کرنی کی جگہ ہے، میں متعدد ملکوں میں رہا لیکن میرا دل ہمیشہ ہندوستان میں رہا ہے، جس کی وجہ یہاں کے لوگوں کا پیار ہے’۔انہوں نے مزید کہا ‘میں نے بھارتی شہریت حاصل کرنے کے دوران بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے، لیکن آخر کار میں نے اسے حاصل کرلیا اور میں بے حد خوش ہوں، مجھے ہندوستان پسند ہے اور مجھے اپنے ہندوستانی ہونے پر فخر ہے’۔مذکورہ تقریب کے موقع پر عدنان سمیع نے اپنے وزن کم کرنے کے حوالے سے بھی کافی کچھ بتایا، ان کا کہنا تھا ‘مجھے کبھی بھی اس بات پر شرمندگی نہیں ہوئی کہ میں کیسا نظر آرہا ہوں، کیونکہ شائقین سے میرا تعلق موسیقی کی وجہ سے رہا اور اس سلسلے میں، میں نے ہمیشہ سب کو خوش کیا’۔تاہم اپنے والد کے زور دینے پر عدنان سمیع میڈیکل چیک اپ کروانے گئے جہاں انہیں اس بات کا پتا چلا کہ ان کے زیادہ وزن سے انہیں جان کا خطرہ ہوسکتا ہے۔عدنان سمیع کے مطابق ‘اس کے بعد میں نے 6 سالوں کے دوران 230 کلو سے 160 کلو تک وزن کم کیا، میں اپنے والد سے سب سے زیادہ متاثر تھا’۔واضح رہے کہ عدنان سمیع کے والد کا انتقال 2009 میں لبلبے کے کینسر کی وجہ سے ہوا۔۔