اسلام آباد(مانیٹرینگ ڈیسک) عدنان سمیع خان کی جانب سے متنازعہ ٹویٹ جاری کئے جانے کےبعد پاکستان بھر میں اس پر شدید رد عمل ظاہر کیا جارہا ہے جس میں معروف پاکستانی گلوکار سلمان احمد نے بھی عدنان سمیع کو ان کی اوقات یاد دلادی، سلمان احمد کا کہنا تھا کہ اگر پوری پاکستانی قوم دہشت گرد ہے تو کیا آپ کے والد بھی دہشت گرد ہیں ؟؟ کیا آپ کا ان سے بھی کوئی تعلق نہیں۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی نواز گلوکار عدنان سمیع کے گرگٹ کی طرح بدلتے رنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستانی گلوکار سلمان احمد کا کہنا تھا کہ میں دبنگ خان کے بیان کا خیرمقدم کرتا ہوں، تاہم بھارت میں موجود پاکستانی فنکاروں پر حیران ہوں کہ کیا کوئی ان کی سن بھی رہا ہے؟؟۔
بھارت میں موجود میرے لاکھوں مداح اور میرے دوست امن کی بات کرنے پر میرا مذہب، زبان، شناخت اور ایمان تبدیل کرنے کو نہیں کہتے۔عدنان سمیع کو مخاطب کرتے ہوئے سلمان احمد کا کہنا تھا کہ آپ کی مسخ شدہ دلائل پر صرف یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ تمہارے والد بھی ایک دہشت گرد سفیر تھے، کیا بھارت شہریت اور شہرت کیلئے تم نے ان سے بھی تعلق توڑ دیا؟؟۔ایک سفیر کے بیٹے ہونے کی حیثیت سے تم کو بتا ہونا چاہئے تھا کہ جوہری جنگ نہ کسی کے مفاد میں ہے اور نہ کبھی کوئی جیتا ہے، میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک دن میں کسی گلوکار کو جنگی جنون میں مبتلا ہوتا دیکھوں گا، آج کا دن آرٹ اور کلچر کی تاریخ کا افسوس ناک دن ہے۔واضح رہے کہ عدنان سمیع کے ٹویٹ پر ملک بھر سمیت پوری دنیا میں پاکستانیوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔