کراچی (آئی این پی ) شہر قائد میں دہشت گرد دوبارہ سرگرم ہو گئے، لیاقت آباد نمبر 10میں فلائی اوور کے قریب نامعلوم ٹارگٹ کلرز کی فائرنگ سے معروف قوال امجد صابری جاں بحق ہو گئے، فائرنگ کے نتیجے میں امجد صابری کے اسسٹنٹ اور ایک راہگیرشدید زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ٹارگٹ کلرز نے امجد صابری کی گاڑی پر 11فائر کئے،6گولیاں ونڈ سکرین پر لگیں ، ایک گولی امجد صابری کے سینے اور ایک چہرے پر لگی، وزیر داخلہ سندھ سہیل انورسیال نے امجد صابری کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے علاقے کی ناکہ بندی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کر دی، صدر ممنون حسین ، وزیراعظم نواز شریف،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر قومی رہنماؤں نے امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ا ن کی ہلاکت پر پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کوسہ پہرساڑھے 3بجے معروف قوال امجد صابری لیاقت آباد میں اپنے والد کی رہائش گاہ سے نکلے تو لیاقت آباد نمبر 10 کے فلائی اوور سے نیچے اترتے ہی نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں امجد صابری ، ان کے اسسٹنٹ اور ایک راہگیر خاتون شدید زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم امجد صابری راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ ان کے اسسٹنٹ اورراہ گیر خاتون کو تشویشناک حالت میں آپریشن تھیٹر منتقل کر دیا گیا۔واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور گولیوں کے خول سمیت دیگر شواہد اکٹھے کرلئے ۔
عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے رفتار کم ہونے پر امجد صابری کی گاڑی پر چار پانچ فائر کئے جب فرار ہونے لگے تو دوبارہ گاڑی پر فائرنگ کی، فائرنگ کے بعد پندرہ سے بیس منٹ تک کوئی پولیس اہلکار اور ایمبولینس موقع پر نہ پہنچ سکیں، فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ پر لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امجد صابری اور دیگر زخمیوں کو گاڑی میں ڈال کر ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی ۔ پولیس کے مطابق فلائی اوور سے اترتے ہی دو موٹرسائیکل پر سوار چار دہشت گردوں نے امجد صابری کی گاڑی کے سامنے آ کر اندھا دھند فائرنگ کی، امجد صابری کی گاڑی پر گیارہ گولیاں ماری گئیں، چھ ونڈسکرین پر لگیں، امجد صابری کو چہرے اور سینے پر گولیاں لگیں، فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے، جن کی تلاش کیلئے ناکہ بندی کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امجد صابری نے صبح نجی ٹی وی کی سحر ٹرانسمیشن میں بھی شرکت کی تھی اور اب وہ افطار ٹرانسمیشن میں شرکت کیلئے جا رہے تھے۔
ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر کے مطابق جائے وقوعہ سے پستول کے پانچ خول ملے ہیں ،امجد صابری گاڑی خود چلا رہے تھے جبکہ ان کے ساتھ موجود زخمی شخص کی شناخت سلیم صابری کے نام سے ہوئی ہے ۔ واقعہ کے بعد گورنر ووزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ سندھ نے امجد صابری کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔ سہیل انور سیال نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی کی تشکیل دے دی گئی ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، چاروں گورنرز و وزیراعلیٰ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سمیت ملکی سیاسی و سماجی شخصیات نے قوال امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ امن و امان سے متعلق صوبائی حکومت کی کاکردگی پر سوالیہ نشان ہے، حملہ آوروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے۔واضح رہے کہ امجد صابری معروف قوال غلام فرید صابری کے بیٹے تھے،وہ 23دسمبر 1976کو پیدا ہوئے ، امجد صابری نے 9سال کی عمر میں موسیقی سیکھنے کا آغاز کیا تھا۔
امجد صا بر ی کے قتل کے بعد 20 منٹ تک وہا ں کیا ہو تا رہا ؟ جان کر آپ کو بھی افسوس ہو گا
23
جون 2016
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں