کراچی (آئی این پی)معروف قوال امجد صابری کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔امجد صابری معروف قوال صابری گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور غلام فرید صابری کے صاحبزادے تھے۔مقبول صابری اور غلام فرید صابری نے دیا بھر میں قوالی کو متعارف کرایا تھا اور عارفانہ کلام میں نمایاں مقام حاصل کیا۔اسی گھرانے میں امجد صابری 23 دسمبر 1976 کو پیدا ہوئے اور 1988 میں فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنے والد کی مشہور زمانہ قوالی تاجدار حرم کو یوں پیش کیا کہ سننے والے جھوم گئے۔امجد صابری اپنی بہترین آواز اور انفرادیت کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب رہے اوربھارت میں بھی لوگ ان کے دیوانے رہے۔امجد صابری نے قوالی کے شعبے کو عوام میں مقبول بنانے کے لیے اس میں نت نئے تجربات کیے اور اسے جدت کے ساتھ پیش کیا۔ان کی چند مشہور قوالیوں میں سے ایک تو ان کے والد اور چاچا مقبول صابری کی قوالی ‘تاجدار حرم’ کو دوبارہ نئے انداز سے پیش کرنا تھا جسے بہت مقبولی حاصل ہوئی۔ان کی ایک اور مشہور قوالی ‘بھر دو جھولی’ تھی جو ان سے پہلے ان کے والد اور چاچا نے ہی گائی تھی۔امجد صابری کی ایک اور مشہور قوالی ‘میرا کوئی نہیں ہے تیرا سوا’ تھی۔اسی طرح خواجہ کی دیوانی بھی لوگوں میں بہت پسند کی گئی۔