فلوریڈا(مانیٹرنگ ڈیسک)فلوریڈا کی پولیس نے بتایا ہے کہ امریکی ٹی وی پروگرام ’دی وائس‘ میں حصہ لینے والی گلوکارہ کرسٹینا گریمی آرلینڈو میں زخموں کی تاب نہ لا کر انتقال کر گئیں۔گلوکارہ کرسٹینا گریمی کو آرلینڈو میں ہونے والے کنسرٹ کے بعد گولی ماری گئی تھی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئی تھیں تاہم بعد میں ان کا انتقال ہو گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے کرسٹینا گریمی پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنے مداحوں کو آٹو گراف دے رہی تھیں۔پولیس کے مطابق 22 سالہ گلوکارہ ایک مقامی ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔حکام کے مطابق گریمی کے بھائی نے حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن اس نے بعد میں خود کو گولی مار کر ختم کر لیا۔خیال رہے کہ گریمی نے 2014 میں امریکہ میں چلنے والے ’دی وائس‘ شو کے چھٹے سیزن میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔آرلینڈو پولیس نے ایک ٹویٹ میں لکھاکہ ہم بہت افسوس کے ساتھ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ کرسٹینا گریمی زخموں کی تاب نہ کر ہلاک ہو گئی ہیں۔حملہ آور کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔گریمی کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر بہت جلدی پھیل گئی جس میں ان کے مداحوں نے ان کی موت پر اپنے غصے کا اظہار کیا۔